ہمایوں سعید اور ماہرہ خان '' آج رنگ ہے '' میں ایک ساتھ نظر آئیں گے

Published On 16 December,2022 07:06 am

لاہور : (ویب ڈیسک ) پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ ماہرہ خان نئے پراجیکٹ '' آج رنگ ہے '' میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ ماہرہ خان معروف ہدایتکار ندیم بیگ کے نئے پراجیکٹ    آج رنگ ہے    میں ایک بار پھر اکٹھے جلوہ گر ہوں گے۔

ندیم بیگ کے نئے پراجیکٹ    آج رنگ ہے    کی کہانی زنجبیل عاصم شاہ نے لکھی ہے جو بہترین ٹی وی رائٹر کا پاکستان انٹرنیشنل سکرین ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔

پراجیکٹ کی کہانی اور دیگر کاسٹ کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں تاہم ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور وہ اپنی پسندیدہ جوڑی کو دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے اپنے اگلے پراجیکٹ میں ہمایوں سعید کے ساتھ نظر آنے کا اشارہ بھی دیا تھا۔

یاد رہے کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے ایک ساتھ فلم بن روئے میں کام کیا تھا اس کے علاوہ ان کا ایک دوسرے کے ساتھ کوئی پراجیکٹ نہیں ہے۔