ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی سنسر بورڈ نے بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’ پٹھان ‘‘ میں چند تبدیلیاں کر کے فلم کا نیا ورژن بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی تجویز دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کی جانب سے جاری بیان میں فلم کے پروڈیوسرز کو کہا گیا ہے کہ وہ فلم اور اس کے گانوں میں تبدیلیاں کرکے نیا ورژن بورڈ کے سامنے پیش کریں۔
رپورٹس کے مطابق فلم کا سی بی ایف سی کی گائیڈلائنز کے مطابق جائزہ لیا گیا جس کے بعد کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ وہ فلم بشمول گانوں میں کچھ تبدیلیاں کریں اور ریلیز سے قبل فلم کا تبدیل شدہ ورژن بورڈ کے سامنے پیش کریں۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی نئی فلم پٹھان کے گیت میں ہیروئن دپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس کو وجہ بنا کر بھارتی انتہا پسندوں نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔