لاہور : (ویب ڈیسک ) پاکستان کے معروف سینئر اداکار فردوس جمال نے اپنے انتقال کی خبریں پھیلانے والوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
سینئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹا گرام پر 2 منٹ 39 سیکنڈ کا ایک پیغام شیئر کیا گیا ہے جس میں اداکار نے کہا کہ میرے مرنے کی خبریں پھیلانے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ الحمداللّٰہ ابھی میں زندہ ہوں ، اللہ تعالی نے جتنی مجھے زندگی دی ہے میں اتنی زندگی ضرور جییوں گا۔
فردوس جمال نے اپنے پیغام میں حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے مشکل وقت میں پہلی بار کسی اداکار کے لیے اتنا کچھ کیا، اپنے نمائندے کے ذریعے میرے لیے مالی امداد بھجوائی گئی ۔
فردوس جمال نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں سینئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے والد کی بیماری کے بارے میں آگاہ کیا تھا ، انہوں نے انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے والد کا کینسر کا علاج شوکت خانم میں ہورہا ہے‘۔
حمزہ کی جانب سے حکومت سے والد کی مدد کیلئے بھی اپیل کی تھی جس پر موجودہ حکومت نے انہیں 1 کروڑ روپے کی مالی امداد بھی فراہم کی ہے۔