’آسکر‘ایوارڈ کیلئے پاکستانی فلم سازوں سے درخواستیں طلب

Published On 20 June,2024 06:57 pm

کراچی :(ویب ڈیسک ) دنیا کے سب سے بڑے اور معزز ترین ایوارڈ سمجھے جانے والے ’آسکر‘ کے لیے پاکستانی کمیٹی نے ملک کے فلم سازوں سے 97 ویں میلے کے لیے درخواستیں طلب کرلیں۔

پاکستانی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستانی فلم ساز ’آسکر‘ ایوارڈز کی بہترین غیر ملکی فلم کے لیے اپنی فلمیں بھجوا سکتے ہیں،پاکستانی فلم سازوں کو 15 اگست تک اپنی فلمیں کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی کا کہنا ہے کہ یکم نومبر 2023 اور 30 ستمبر 2024 کے درمیان سینماؤں میں ریلیز ہونے والی کسی بھی پاکستانی فلم کو نامزدگی کےلیے بھیجا جا سکتا ہے۔

فلم کی نامزدگی کی دیگر شرائط کے مطابق لازمی طور پر فلم کم سے کم ملک کے سینماؤں میں ایک ہفتے تک دکھائی گئی ہو اور اس میں شامل نصف فیصد ڈائلاگ غیر انگریزی ہوں، 40 منٹ یا اس سے زائد دورانیے کی فیچر یا اینیمیٹڈ فلم کو غیر ملکی بہترین فلم کی کیٹیگری کے لیے بھجوایا جا سکتا ہے۔

خیال رہے اس بار بھی ’آسکر‘ کے لیے پاکستانی ٹیم کی سربراہی معروف فلم ساز محمد علی نقوی کریں گے اور کمیٹی کے دیگر ارکان، فلم، میوزک اور شوبز سمیت فنون لطیفہ کے دیگر شعبوں سے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ برس بھی محمد علی نقوی پاکستانی کمیٹی کے سربراہ تھے اور گزشتہ برس جیوی نے جوائے لینڈ کو پاکستانی فلم کے طور پر نامزد کیا تھا، جس نے بعد ازاں آسکر کی بہترین غیر ملکی 15 فلموں میں بھی جگہ بنائی تھی، تاہم وہ ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔