لاہور: (ویب ڈیسک) دنیائے موسیقی کے بے تاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خان انتقال کے 17 برس بعد اپنی آواز کا ایک بار پھر جادو جگانے کیلئے تیار ہیں۔
استاد نصرت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کی گئی ان کی آخری البم ’چین آف لائٹ‘ ریلیز کے لیے تیار ہے، یہ نئی البم رواں سال 20 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لیجنڈری پاکستانی قوال استاد نصرت فتح علی خان کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے پیغام کے مطابق ’چین آف لائٹ‘ وہ گمشدہ البم ہے جسے گائیک نے 34 برس قبل خود ریکارڈ کروایا تھا۔
استاد نصرت فتح علی خان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’آج ہمیں ’چین آف لائٹ‘ کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے جو مرحوم نصرت فتح علی خان اور ان کے ساتھی گلوکاروں اور موسیقاروں کی گمشدہ البم ہے، اسے ریئل ورلڈ ریکارڈز کے تعاون سے 20 ستمبر 2024 کو ریلیز کیا جائے گا۔
انسٹا پوسٹ کے مطابق ’چین آف لائٹ‘ میں استاد نصرت فتح علی خان اور ان کے 8 ساتھی گلوکاروں اور موسیقاروں کی آواز میں 4 روایتی قوالیاں موجود ہیں جن میں ایک ایسی قوالی بھی شامل ہے جسے پہلے کبھی نہیں سنا گیا۔
انسٹا پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مذکورہ البم کی ریکارڈنگ ریئل ورلڈ سٹوڈیوز میں اپریل 1990 میں کی گئی تھی، یہ وہی وقت ہے جب استاد نصرت فتح علی خان نے کینیڈین پروڈیوسر مائیکل بروک کے ساتھ اپنے سیمینل کراس اوور البم ’مست مست‘ پر بھی کام کیا تھا۔
پیغام میں بتایا گیا ہے کہ یہ گمشدہ البم 2021 میں ریئل ورلڈ ریکارڈز کے آرکائیوز سے اس وقت دریافت کیا گیا تھا جب ریئل ورلڈ ریکارڈز اپنے آرکائیو کو نئی جگہ منتقل کر رہا تھا، 1990 میں استاد نصرت فتح علی خان اپنی مقبولیت کے عروج پر تھے۔
البم کے سی ڈی، معیاری لانگ پلیئنگ ریکارڈ (ایل پی) اور محدود ایڈیشن کے ایل پی ورژن اب پیشگی آرڈر کے لیے دستیاب ہیں، البم کے اجرا کو جزوی طور پر برٹش کونسل کی حمایت حاصل ہے۔