بلاک بسٹر ’ڈان‘ کے تیسرے سیکوئل میں رنویر کیساتھ امیتابھ اور شاہ رخ کی انٹری

Published On 03 September,2025 10:31 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم ڈان کے تیسرے سیکوئل کے لیے جن تین اداکاروں کے نام سامنے آئے ہیں اس سے فلم بینوں میں کھلبی مچ گئی۔

فلم ڈان میں امیتابھ بچن نے جو لازوال کام کیا تھا وہ 46 برس گزر جانے کے باوجود فلم بینوں کے ذہنوں میں نقش ہے، امیتابھ بچن اس فلم سے اینگری ینگ مین کے روپ سے ایک ایکشن ولن کے طور پر بھی سامنے آئے اور مداحوں نے ان کو اس کردار میں خوب پسند کیا۔

اس فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اور فلم بینوں کی بے حد اصرار پر فلم ڈان کا 2006 میں ریمیک بنایا گیا جس میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا تھا، فلم ڈان کے اس ریمیک نے بھی اصل فلم کی طرح شاندار کامیابی سمیٹی اور شاہ رخ خان کے فلمی کیریئر کو نیا عروج ملا۔

ریمیک کی کامیابی کے باوجود شائقین کی دلچسپی برقرار رہی تو 2011 میں ڈان 2 بنائی گئی اور اس میں بھی قرعہ فال شاہ رخ خان کے نام نکلا، ڈان 2 بھی اپنے پہلے ریمیک کی طرح کافی سراہی گئی جس پر ڈان 3 بنانے کا اعلان سامنے آیا لیکن اس میں مرکزی کردار رنویر سنگھ ادا کر رہے ہیں۔

اب یہ خبریں گرم ہیں کہ ڈان 3 میں ناظرین کے لیے ایک بڑا سرپرائز ہے، فلم میں موجودہ ڈان رنویر سنگھ کے ساتھ ساتھ سابقہ دونوں ڈانز امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کو بھی شامل کرنے پر بات چیت جاری ہے۔