لاہور: (دنیا نیوز) گلوکار سانول عیسیٰ خیلوی کا اپنے والد کے ہمراہ مشہور گیت 'تھیوا' کا پرومو جاری کر دیا گیا۔
معروف فوک گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کی فنی وراثت کا سلسلہ اُن کے بیٹے سانول عیسیٰ خیلوی نے باضابطہ طور پر سنبھال لیا ہے۔
باپ بیٹے کی اس مشترکہ کاوش کا پہلا نذرانہ، لیجنڈری گیت تھیوا کے نئے انداز میں ریکارڈ شدہ ورژن کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
گیت کا پہلا پرومو جاری کیا گیا، جس میں عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی ماضی کی یادگار پرفارمنس کی جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔
پرومو کو مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اسے خوب سراہا جا رہا ہے۔
گیت کو سانول عیسیٰ خیلوی نے اپنے والد کے ساتھ مل کر نئے انداز میں ریکارڈ کیا ہے، اس ریمیک میں کلاسک دُھن اور جدید موسیقی کا خوبصورت امتزاج سننے کو ملے گا، جو نہ صرف پرانے شائقین کے دلوں کو چھوئے گا بلکہ نئی نسل کو بھی محظوظ کرے گا۔
ری میک گانے تھیوا کا مکمل گیت جلد ریلیز کیا جائے گا، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
موسیقی کے اس حسین ملاپ سے نہ صرف عیسیٰ خیلوی خاندان کی وراثت کو دوام ملے گا بلکہ پاکستانی فوک موسیقی کو بھی ایک نیا رنگ ملے گا۔