بل گیٹس کی ٹیلی گرام ایپ خریدنے کی پوسٹیں جعلی قرار

Published On 13 April,2021 06:20 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک سکرین شاٹ وائرل ہو رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے واٹس ایپ کا مقابلہ کرنے والی کمپنی ٹیلی گرام کو خرید لیا ہے، یہاں بتاتے چلیں یہ خبریں جعلی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں اداے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 5 اپریل 2021ء کو سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک سکرین شاٹ شیئر کیا گیا۔ امریکی میڈیا فوکس نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بل گیٹس نے سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام کو 60 کروڑ ڈالر سے خرید لیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق شیئر کیے گئے سکرین شاٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ بل گیٹس کی طرف سے ٹیلی گرام ایپ کو خریدنے کا مقصد شہریوں کی انفارمیشن پر کنٹرول حاصل کرنا ہے، سوچیں اور تحقیق کریں۔ بل گیٹس امریکا میں جاگیر دار بھی بن گئے ہیں۔ اس کا سکرین شاٹ نیچے دکھایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اگست 2013ء کو ٹیلی گرام ایپ لانچ کی گئی تھی۔

اے ایف پی کے مطابق یہاں بتاتے چلیں کہ یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد اور جعلی ہے۔ ٹیلی گرام کمپنی ابھی بھی پاول دورو کی ملکیت ہے۔

پاول دورو نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم ٹیلی گرام کو نہیں بیچ رہے، لوگوں کو ٹیلی گرام کی ابھی ضرورت ہے، تاکہ اپنی آزادی برقرار رکھ سکیں۔
 

Advertisement