آکسیجن کی بجائے نیبولائزر کا استعمال انتہائی خطرناک قرار

آکسیجن کی بجائے نیبولائزر کا استعمال انتہائی خطرناک قرار

رپورٹ کے مطابق بھارت بھر میں ان دنوں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کے سبب کورونا مریضوں کی دھڑا دھڑ ہلاکتیں ہو رہی ہیں، مودی حکومت صورتحال پر قابو پانے کی بجائے لاچار دکھائی دیتی ہے۔ اس صورت حال میں چند ناعاقبت اندیش انسانی زندگیوں کو درپیش خطرناک ترین صورتحال کے باوجود افواہیں اڑانے سے باز نہیں آ رہے۔

بھارت ہی کے ایک نام نہاد میڈیکل پریکٹیشنر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں آکسیجن سلنڈر نہ ملنے کی صورت میں نیبولائزر استعمال کرنے کی صلاح دی ہے۔ سیدھے سادے لوگ بھی مستند ڈاکٹر کی رائے لئے بٖغیر یہ ویڈیو دھڑا دھڑ شیئر کر رہے ہیں۔

طبی ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیبولائزر کا آکسیجن کے متبادل کے طور پر استعمال قطعا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیبولائزر کو صرف دمے میں مبتلا مریض ہوا کے راستے کی رکاوٹ دور کرنے اور دم گھٹنے سے محفوظ رہنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ اس سے آکسیجن پیدا نہیں ہوتی، دانستہ طور پر استعمال کرنا مریض کیلئے خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔