اکشے کمار نے کورونا کی وجہ سے فلم کا معاوضہ کم لینے کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا

Published On 14 June,2021 06:25 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اکشے کمار نے کورونا وائرس کی وجہ سے فلم کا معاوضہ کم لینے کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خبریں تھیں کہ کورونا کی وجہ سے جہاں ان کی آنے والی میگا بجٹ سپائے تھرلر فلم ’بیل بوٹم‘ کی ریلیز تاخیر کا شکار ہے، وہیں فلم سازوں نے ان سے وبا کی وجہ سے فیس میں کچھ کمی کی درخواست کی تھی۔

شوبز ویب سائٹ بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اکشے کمار نے فلم پروڈیوسر وشو بھگنانی کی درخوست پر اپنی فیس میں 30 کروڑ روپے تک کمی کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اکشے کمار سپائے تھرلر فلم ’بیل بوٹم‘ میں کام کے لیے فلم سازوں سے 40 یا 50 کروڑ روپے نہیں بلکہ سوا ارب روپے سے زیادہ کی فیس وصول کریں گے۔ کورونا کی وجہ سے فلم کی ریلیز میں تاخیر اور دیگر نقصانات کی وجہ سے پروڈیوسر نے اکشے کمار سے فلم کی فیس کی مد میں 30 کروڑ روپے کمی کی درخواست کی تھی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

تاہم اب اکشے کمار نے مذکورہ خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

اکشے کمار نے بولی وڈ ہنگامہ کی خبر کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے 30 کروڑ روپے کی کمی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ اگرچہ اکشے کمار نے فیس میں کمی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ فلم میں کام کے لیے کتنا معاوضہ لیں گے؟

عام طور پر اکشے کمار 30 سے 50 کروڑ روپے فلم کی فیس وصول کرتے ہیں، تاہم گزشتہ چند سال میں اپنی فلموں کی کامیابی کی وجہ سے انہوں نے فیس میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا ہے۔

خبریں ہیں کہ اکشے کمار ’بیل بوٹم‘ کے لیے سوا ارب روپے سے زیادہ کی رقم فیس وصول کریں گے، اگر ایسا ہوا تو وہ ریکارڈ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوجائیں گے۔

اکشے کمار سے قبل اگرچہ بولی وڈ پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی فلموں سے 3 سے 4 ارب روپے تک کمائی کی ہے، تاہم وہ فیس کی مد میں اتنی زیادہ رقم نہیں لیتے۔
 

Advertisement