دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کورونا وائرس کے قواعد وضوابط اور سوشل میڈیا پر جعلی خبروں سمیت افواہیں پھیلانے والے افراد کو جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یواے ای کی وفاقی ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کو نئے قوانین کے تحت سزا دی جا سکتی ہے جسکے تحت جعلی خبریں اور افواہوں جیسی معلومات شیئرکرنے پر کم سے کم دوسال قید، 54 ہزارڈالر(تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے) جرمانے کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے اومیکرون متغیّرکی لہر سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں اور نئی پابندیاں نافذ کی ہیں۔
بیان کے مطابق یہ انتباہ سوشل میڈیا پرتصاویر اور ویڈیوز کی حالیہ گردش کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ ان میں احتیاطی تدابیرکی تضحیک کرنے والے تبصرے کیے گئے ہیں اورگانوں کے ساتھ بھی ان کا مضحکہ اڑایا گیا ہے۔ان میں سے دوسروں سے ان کی خلاف ورزی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حالیہ ہفتوں میں یواے ای میں ٹیسٹنگ کی ضروریات میں اضافہ ہوا ہے جس میں بہت سے آجروں نے منفی پی سی آرٹیسٹ کے نتائج کامطالبہ کیا ہے۔اس سے ٹیسٹ مراکز پر دباؤ پڑ رہا ہے۔