مریم اورنگزیب کی اٹھارویں آئینی ترامیم میں تبدیلیوں کی خبر کی سختی سے تردید

Published On 20 November,2023 04:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اٹھارویں آئینی ترامیم میں تبدیلیوں کی خبر کی سختی سے تردید کر دی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی کی منشور کمیٹی کی سیکرٹری کے طور پر اس خبر کی تردید کرتی ہوں، ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ وفاق اور تمام اکائیوں کے وسائل بڑھانے کی پالیسی اپنائی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مستقبل میں بھی ہم وفاق سمیت تمام اکائیوں کے وسائل مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، وفاق اور اکائیوں کے درمیان آئین کے مطابق وسائل کی منصفانہ تقسیم مضبوط پاکستان کے لئے ضروری ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو جمہوریت کی بنیاد سمجھتے ہیں، اس نظام کو لاگو اور فعال بنا کر جمہوریت کو مزید مضبوط کریں گے۔