لاہور: (روزنامہ دنیا) ذہنی تناؤ کا ہمارے پورے جسم پر گہرا اثر پڑتا ہے ، اگر کوئی انسان مسلسل ذہنی تناؤ کی کیفیت میں مبتلا رہتا ہے تو یہ اس کے قوتِ مدافعت کے نظام، نظامِ ہاضمہ، میٹا بولزم اور ہارمونز کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
علاوہ ازیں مسلسل ذہنی تناؤ کی کیفیت امراضِ قلب، موٹاپا، ڈپریشن اور دماغی بیماریوں کا بھی باعث بن سکتی ہے۔ اگر آپ کو اپنی جِلد ضرورت سے زیادہ خشک یا چہرے پر ریشز نظر آنے لگیں تو ہوسکتا ہے کہ اس مسئلے کی ایک وجہ تناؤ ہو۔ کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ اچانک سے صاف ستھری جِلد پر ایک پمپل (دانہ) نکل آئے تو اس کی ایک وجہ تناؤ بھی ہوسکتی ہے۔
کولمبیا ایشیا ہسپتال کی ماہرِ جِلد ڈاکٹر کسومیکا کاناک کا کہنا ہے کہ جب کوئی بھی شخص تناؤ کی کیفیت میں مبتلا ہوتا ہے تو اس کے جسم میں ایڈرینالِن پیدا ہوتا ہے جو جِلد کو حساس بنا دیتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تناؤ نا صرف جِلد کے مسائل کا باعث بنتا ہے بلکہ اگر آپ کو پہلے ہی جِلد سے متعلق مسائل کا سامنا ہے تو تناؤ کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔