کراچی: (دنیا نیوز) قومی ادارہ صحت، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ نے کورونا وائرس سے متعلق قومی سروے کا اعلان کر دیا، طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہائپر ٹینشن والے مریض متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کیسے پھیلا، کس عمر کے افراد کو زیادہ متاثر کیا، کن بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے کتنا خطرناک ثابت ہوا اور کون کون سی دوائیں کارگر ثابت ہوئیں، یہ سب پتہ لگانے کے لیے ماہرین صحت نے سرجوڑ لیے۔
قومی ادارہ صحت، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ نے کورونا وائرس سے متعلق قومی سروے کا اعلان کر دیا۔
ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہائی بلڈ پریشر کے مریض، دوسرے نمبر پر ذیابطیس، تیسرے نمبر پر دل اور چوتھے نمبر پر پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا افراد متاثر ہوئے۔
پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور قومی ادارہ صحت کے ماہرین کا کہنا تھا کہ بظاہر کورونا کے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن ہمیں عید اور محرم میں اجتماعات سے گریز کرنا ہو گا کیوں کہ عید الفطر میں ایس او پیز کا خیال نہ کرنے کی وجہ سے کیسز میں اضافہ ہوا تھا۔