پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولت دینے کے منصوبے پرسالانہ 20 ارب روپے کے اخراجات آئیں گے، ہر گھرانے کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل ہو گی۔ شہری پروگرام کو سراہنے لگے۔
پاکستان کی 73 سالہ تاریخ کا سب سے اہم ترین ہیلتھ کا منصوبہ، خیبر پختونخوا میں امیر و غریب کا فرق ختم ہو گیا، صوبے کی تمام آبادی کو علاج کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان صحت سہولت کارڈ پلس پروگرام کا باقاعدہ افتتاح ضلع سوات سے کر رہے ہیں، ہر گھرانے کو سالانہ دس لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
خیبرپختونخوا میں 65 لاکھ گھرانوں کے 4 کروڑ افراد کو مفت علاج کی سہولت حاصل ہو گی، وزیر صحت کے مطابق پروگرام پر 20 ارب روپے سالانہ اخراجات آئیں گے، 31 جنوری 2021 تک ہر شہری کو صحت کارڈ کی سہولت ملے گی۔
دوسری جانب شہریوں نے بھی منصوبے کو خوش آئندہ قرار دیا، ان کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات سے علاج معالجے میں درپیش مسائل ختم ہوں گے۔
صحت کارڈ پلس پروگرام چار زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت بڑی آبادی کو نہ صرف مفت علاج کی سہولیات میسرہوں گی بلکہ ایمرجنسی سمیت کینسر، امراض قلب، گردوں اور دیگر بیماریوں کا علاج بھی کیا جائے گا۔