لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے پنجاب حکومت کیلئے 8 ایمبولینس گاڑیوں اور 15 موٹر سائیکلوں کا عطیہ کر دیا گیا، ایمبولینس گاڑیاں کورونا کے مریضوں کو منتقل کرنے کیلئے استعمال کی جائیں گی۔
وزیراعلی آفس میں ایمبولینس گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر الپتھاماہی پالا نے ایمبولینس گاڑیوں کی چابیاں پیش کیں۔
وزیراعلیٰ نے ایمبولینس گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کامعائنہ کیا، انہوں نے کہا کہ معمر شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے ایمبولینس استعمال کی جاسکیں گی، جو مریض نقاہت کے باعث ہسپتال نہیں آسکیں گے، ایمبولینس ان کے گھر تک پہنچے گی۔ موٹرسائیکل کے ذریعے کورونا ٹیسٹ کے سیمپل لیبارٹری پہنچائیں جاسکیں گے۔ ایمبولینس میں آکسیجن سمیت دیگر آلات اورٹیسٹ سیمپل لے جانے کیلئے آئس باکس بھی موجود ہوں گے۔ لاہور ایئر پورٹ پر کورونا مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ایمبولینس موجود ہوں گی۔ واہگہ بارڈر پر بھی سرحد پار آنے والے مریضوں کو ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جاسکے گا۔
وزیراعلیٰ نے ایمبولینس گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں عطیہ کرنے پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں متحد اور یکسو ہوکرکاوشیں کرنا ہوں گی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ڈبلیو ایچ او کے ہیڈ آف پنجاب ڈاکٹر جمشید احمد، ڈاکٹر یحییٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔