دانتوں کو تالہ لگائیں اور وزن گھٹائیں

Published On 30 June,2021 10:22 am

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ میں وزن کم کرنے کا ایسا آلہ متعارف کروایا گیا ہے جس کو دانتوں میں تالے کی طرح لگایا جا تا ہے۔

دنیا میں ایک جانب بھوک سے ہر سال اموات ہوتی ہیں تو دوسری جانب موٹاپے نے بھی دنیا کی آبادی کے تقریبا10 فیصد حصے کو پریشان کر رکھا ہے،موٹاپہ عموما بچپن سے شروع ہوتا ہے جب بچوں کی صحت کیلئے حد سے زیادہ فکر مند مائیں بچوں کو اتنا کھلا پلا دیتی ہیں کہ بچے موٹاپے کا شکار ہونے لگتے ہیں۔

ایسے بچے جوں جوں بڑھتے ہیں ، ان کی زیادہ کھانے کی عادت پختہ ہوتی چلی جاتی ہے۔ مائیں اپنے بچوں کو صحت مند سمجھتی ہیں حالانکہ موٹاپہ کئی دیگر بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ایک اندازے کے مطابق ایک سال کے بچے کا وزن اگر 10 کلو سے بڑھ جائے تو کھانے پینے کی عادت فوری بدلنی چاہئے۔

اس مسئلے کو دیکھتے ہوئے یونیورسٹی آف اوٹاگو کے محققین نے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جسے دانتوں پر لگا کر کھانے پینے کی عادت کو کنٹرول کر کے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

اس آلے کے ذریعے دانتوں کو مقناطیس اور بولٹ سے جوڑ دیا جاتا ہے جس کے سبب صرف نرم غذا ہی کھائی جا سکتی ہے۔ جبڑا زیادہ نہ کھلنے کے سبب ایسی غذا نہیں کھائی جا سکتی جو موٹاپے کا سبب بنے۔