کورونا سے بچاو کے لیے شہری ویکسین کی دوسری خوراک بھی لازمی لگوائیں، طبی ماہرین

Published On 06 July,2021 08:34 am

کراچی: (دنیا نیوز) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ضروری ہے شہری ویکسین لگوائیں اور پہلی خوراک لگوانے والی شہری دوسری خوراک بھی لازمی لگوائیں۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر میں کمی کے بعد زندگی معمول پر آنے لگی، اسکولوں سمیت تمام شعبہ جات کھول دیئے گئے۔ سینما گھر، بازار اور ان ڈور تقریبات کی بھی ایس او پیز کے ساتھ اجازت دے دی گئی۔ تیسری لہر کے نتیجے میں مئی اور جون کے مہینوں میں صرف سندھ میں 843افراد جان سے گئے۔

سندھ میں کورونا وائرس کی تیسری لہر بھی ہلاکت خیزی کا سبب بنی، ماہ جون میں 451افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مئی میں مرنے والوں کی تعداد 392 تھی۔ رواں برس جنوری میں بھی مرنے والوں کی تعداد 431 رہی تھی جس کے بعد کورونا کیسز میں کمی واقع ہوئی۔ تیسری لہر کے دوران مئی اور جون کے مہینوں میں 843افراد جان سے گئے۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے شہری ویکسین لگوائیں اوراحتیاط کریں۔ پابندیوں اور سختی کے نتیجے شہریوں کی بڑی تعداد نے ویکسینیشن کروائی تاہم پہلی ڈوز لگوانے کے بعد شہری دوسری ڈوز لگوانے سے کترا رہے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے جاری اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں اب تک 33 لاکھ 7ہزار 657 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے 31لاکھ 2 ہزار 278 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ 5 ہزار 477 افراد انتقال کر گئے۔ 

Advertisement