ملتان: میڈیکل اسٹور مالکان نے محدود سپلائی کا بہانہ بنا کر ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دیں

Published On 01 July,2021 10:35 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں مختلف کمپنیوں نے شوگر، بلڈپریشر، کارڈیک اور زندگی بچانے والی متعدد ادویات کی سپلائی محدود کر دی ہے جس کو جواز بنا کر میڈیکل اسٹورز مالکان نے بھی نایاب ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دیں۔ عوام نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

ملتان میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی فعال نہیں جس کی وجہ سے ادویات ساز کمپنیوں نے گھنٹہ گھر، نشتر روڈ اور چوک کمہاراں کی میڈیسن مارکیٹ میں اسی سے زائد مختلف ادویات کی سپلائی محدود کر دی ہے جس سے میڈیکل اسٹوروں پر بلڈ پریشر، شوگر، دل کے امراض اور متعدد زندگی بچانے والی ادویات نایاب ہو چکی ہیں جن کی تلاش اور قیمتوں کے حوا لے سے مریضوں کے لواحقین کی مشکلات بھی کافی حد تک بڑھ گئی ہیں۔

سیکرٹری ہیلتھ کا موقف ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تاحال فنکشنل نہیں جس کی وجہ سے اختیارات کے حوالے سے مسائل آرہے ہیں تاہم جیسے ہی اختیارات ملیں گے، ادویات ساز کمپنیوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔

ادویات کیساتھ خشک دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے جس کا مریضوں کے لواحقین نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement