بلوچستان کے ڈاکٹرز کو اعلیٰ تعلیم کی تکنیکی معاونت کیلئے پلیٹ فارم قائم

Published On 27 December,2021 09:53 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بیرون ملک پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم کی جانب سے بلوچستان چیپٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند میڈیکل طلبا کو تیکنیکی معاونت اور آگاہی فراہم کی جائے گی۔

بلوچستان میں دیگر شعبوں کی طرح صحت کا شعبہ بھی ملک کے دیگر صوبوں سے پیچھے ہے، اس شعبے میں بہتری لانے کے لیے بلوچستان کے ڈاکٹروں کو امریکہ، کینیڈا اور یورپی ممالک میں کورسز کے مواقع سے متعلق آگاہی، تیکنیکی معاونت اور تربیت فراہم کرنے کے لیے ایسوسی ایشن آف فیزیشن آف پاکستانی ڈیسنٹ نارتھ امریکہ کی جانب سے صوبے میں پہلی مرتبہ چیپٹربلوچستان کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

ڈاکٹروں کی یہ تنظیم ملک کے دیگر صوبوں میں پہلے سے ہی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کا حصہ لے رہی ہے اور اب یہ تنظیم طب کے شعبے میں بلوچستان میں بھی کام کرے گی، بیرون ملک سے آئے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بلوچستان چیپٹر کے قیام سے یہاں کے ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔

بلوچستان کے نوجوان ڈاکٹروں نے بلوچستان چیپٹر کو امید کی نئی کرن سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکے ذریعے انہیں تربیتی وتکنیکی معاونت کے پروگراموں اورامریکہ میں مختلف کورسز سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
 

Advertisement