واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جو نوجوان سوشل میڈیا کا کم استعمال کرتے ہیں ان کے اپنے جسم کے متعلق خیالات ایک مہینے کے اندر بہتر ہو جاتے ہیں۔
دنیا بھر میں نوجوان روزانہ کی بنیاد پر کئی گھنٹے سکرین کے سامنے گزارتے ہیں اور وقت کا بڑا حصہ سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے استعمال میں گزارتے ہیں، ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر صرف کیے جانے والے وقت میں کمی لا کر اپنے وزن اور ظاہری حلیے کے متعلق خیالات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں قائم ایسٹرن اونٹاریو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے محققین کی ایک ٹیم نے ایسے 220 نوجوانوں پر تحقیق کی جو روزانہ کم از کم دو گھنٹے فون کا استعمال کرتے تھے ، ان شرکاء کی عمر 17 سے 25 سال کے درمیان تھیں اور ان میں ڈپریشن یا بے چینی کی علامات پائی جاتی تھیں ۔
تحقیق میں شامل نوجوانوں سے ان کے ظاہری حلیے اور وزن کے متعلق بتانے کا کہنا گیا اور پھر تحقیق کے آخر میں ان سے ویسا ہی ایک سوالنامہ پُر کرایا گیا ، تحقیق کے پہلے ہفتے میں شرکاء کو معمول کے مطابق سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لیے کہا گیا۔
بعد ازاں محققین نے شرکاء کی نصف تعداد کو سوشل میڈیا کے استعمال میں 60 منٹ تک کی کمی کرنے کا کہا جس کے بعد یہ افراد آئندہ تین ہفتوں میں سوشل میڈیا کا استعمال تقریباً 50 فی صد(اوسطاً 78 منٹ روزانہ) تک لے گئے، اس دوران وہ کنٹرول گروپ جس کو معمول کے مطابق سوشل میڈیا کے استعمال کا کہا گیا تھا انہوں نے روزانہ اوسطاً تین گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزارا۔
جرنل سائیکولوجی آف پاپولر میڈیا میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جن افراد نے سوشل میڈیا پر اپنا وقت کم صرف کیا تھا ان کے اپنے ظاہری حلیے اور وزن کے متعلق خیالات میں واضح بہتری آئی تھی اس کے برعکس کنٹرول گروپ کے نوجوانوں کے خیالات میں کوئی واضح فرق نہیں آیا ۔