قاہرہ : (ویب ڈیسک ) مصرکی حکومت نے رواں سال موٹاپے سمیت متعدد بیماریوں کا شکار افراد کو حج پر جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حج کے لیے دی جانیوالی درخواست میں ان بیماریوں سے محفوظ ہونا بھی قرار دیا گیا ہے، مصر میں حج درخواستیں آئندہ 6 مارچ تک جمع کروائی جاسکیں گی ۔
وزارت داخلہ نے اس سال مناسک حج ادا کرنے کیلئے متعدد گروپوں کے سفر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ایسے افراد میں انفیکشن کے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
وزارت کے مطابق پابندی میں گردے کے وہ مریض جن کے علاج کے لیے ڈائیلاسز سیشنز کی ضرورت ہوتی ہے ، پھیپھڑوں کے فائبروسس اور موٹاپے کے مریض، امراض قلب کے ایڈوانس کیسز، جگر کی سروسس اور ٹیومر والے افراد شامل ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلے اور آخری مہینوں کی حاملہ خواتین ، ذہنی مریضوں اور الزائمر کے مریضوں کو بھی حج پر جانے سے روک دیا جائے گا۔
مصری وزارت نے یہ شرط بھی عائد کی ہے کہ عاز مین حج حفاظتی ٹیکوں کے بنیادی کورس لازمی لگوائیں جبکہ کورونا وائرس کے خلاف بین الاقوامی طور پر منظور شدہ ویکسین کی بوسٹر خوراک بھی لگی ہونا چاہیے، ویکسی نیشن کے سرٹیفکیٹ کی کاپی فراہم کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔