مون سون سیزن : گھر میں مکھیوں کا داخلہ بند کرنے کیلئے پودوں سے مدد لیجیے

Published On 13 July,2023 02:40 pm

لاہور : (ویب ڈیسک ) مون سون بارشوں کے دوران کیچڑ اور گندگی کی وجہ سے گھروں اور دیگر جگہوں پر مکھیوں اور مچھر سمیت دیگر جراثیم اور بیماری پھیلانے والے کیڑوں کا آنا لازمی ہے لیکن ان سے بچنے کیلئے کچھ ایسے قدرتی طریقے ہیں جنہیں اپنا کر آپ ان بیماری پھیلانے والے کیڑوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔

قدرت سے لی گئی چیزیں انسان اور اس کے گھر کو ہمیشہ ہی خوبصورت بناتی ہے اور اس میں اس کیلئے بہت سے فائدے پنہاں ہوتے ہیں ، تو پھر کچھ پتوں کو اپنے گھر میں رکھ کر آپ بھی اسے خوبصورت اور مکھیوں کے لیے ’نو گو ایریا‘ بنا سکتے ہیں۔

پودینے کا پودا

پودینے کا پودا یا ان کے پتوں سے نکلنے والی تیز خوشبو کو مکھیاں اور دیگر آڑنے والے چھوٹے کیڑے بالکل بھی پسند نہیں کرتے تو پھر مکھیوں کی اس ناپسند چیز کو آپ استعمال کر کے اپنے گھر میں ان کا داخلہ بند کر سکتے ہیں۔

گھر میں بہت ہی آسانی کے ساتھ گملے میں بھی پودینے کا چھوٹا سا درخت لگایا جاسکتا ہے جو کہ آپ کو ہمیشہ ہی مکھیوں سے نجات دلاتا رہے گا۔

صد برگ کا پودا

اس کے علاوہ ایک ایسا پھول بھی ہے جو گھر میں رکھنے سے نا صرف آپ کے گھر یا کمرے کی خوبصورتی بڑھائے گا بلکہ وہاں مکھیوں کو بھی نہیں آنے دے گا۔

صد برگ کا پودا گھر کے صحن یا باہر لگانے سے مکھیاں آپ کے گھر میں داخل نہیں ہوں گی کیونکہ اس کی خوشبو بھی انہیں پسند نہیں ہوتی۔

کڑی پتے کا پودا

کڑی پتوں کا استعمال صرف کھانوں میں نہیں بلکہ دیگر چیزوں کے لیے بھی کیا جاسکتا ہے ، کڑی کے پتوں کی خوشبو بہت تیز ہوتی ہے جو قدرتی طور پر مکھیوں کو گھر سے بھگانے میں مددگار ہوتی ہے۔

تلسی کا پودا

اس کے علاوہ تلسی کا پودا بھی مکھیوں کی مشکلات سے آپ کی جان چھڑا سکتا ہے ، تلسی کے پتوں سے تکلنے والی تیز خوشبو مچھر اور مکھیوں کو دور بھگاتی ہے۔

گھر یا کمرے میں تلسی کا پودا رکھنے سے مچھر اور مکھیوں کو اندر آنے سے روکا جا سکتا ہے۔

لاوینڈر

نیلا جامنی خوشبودار پھول لاوینڈر اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بہت لوگوں کو پسند ہوتا ہے لیکن یہ خوبصورت اور خوشبودار پھول مچھر اور مکھیوں کو بالکل بھی پسند نہیں ہوتا۔

کہا جاتا ہے کہ جہاں یہ پھول یا اس کا پودہ موجود ہو وہاں مکھیاں زیادہ دیر رکنا پسند نہیں کرتیں ، کمرے کے باہر یا گھر میں بیٹھنے کی جگہوں پر اس کا پودہ لگا کر مکھیوں کو خود سے دور رکھا جا سکتا ہے۔

لیمن گراس

ان سب کے ساتھ ساتھ لیمن گراس بھی بہت ہی مشہور جڑی بوٹی ہے جو مکھیوں سے نجات دلانے میں بہت مددگار ہوتی ہے۔

اس کو گھر میں گملے میں اُگا کر دروازوں اور کھڑکیوں کے نزدیک رکھ کر مکھیوں کا داخلہ بند کیا جاسکتا ہے۔

نیم کے پتے

نیم کے پتے طبی خصوصیات کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور ساتھ ساتھ تیز خوشبو کی وجہ سے یہ قدرتی طور پر مکھیوں کو دور بھگانے میں بھی بہت مددگار ہوتے ہیں۔