روزانہ 20 منٹ ورزش کرنے سے ذہنی مسائل میں کمی لائی جا سکتی ہے

Published On 21 July,2023 10:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہفتے میں 5 دن روزانہ 20 منٹ ورزش سے ڈپریشن، ذیابیطس اور دل کی بیماری میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

جاما نیٹ ورک اوپن نامی جریدے میں گزشتہ روز ایک تحقیق شائع ہوئی جس میں 61 سال کی اوسط عمر والے 4 ہزار سے زیادہ آئرش افراد کا جائزہ لیا گیا، ان افراد میں سے جو لوگ عمر بڑھنے کے بارے میں آئرش لانگیٹوڈینل سٹڈی کا حصہ تھے، ان کا ہر 2 سال بعد جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں شامل افراد سے ان کی جسمانی سرگرمی اور ورزش کے بارے میں سوال کیا گیا اور ان کے ڈپریشن کا تعین کرنے کیلئے کچھ ٹیسٹ دیے گئے، ٹیسٹ سے پہلے یہ بتایا گیا کہ اگر ان میں زیادہ علامات ظاہر ہوئیں تو انہیں زیادہ ڈپریشن میں مبتلا قرار دیا جائے گا۔

ان افراد ٹیسٹ کی صورت میں سوالنامہ دیا گیا جس کے جواب میں ان میں ڈپریشن کی علامات ظاہر ہوئیں، کچھ افراد کا کہنا تھا کہ مجھے چیزیں یاد رکھنے میں دشواری کا سامنا رہا، بے چینی اور اضطراب کا شکار تھا، نیند نہیں آ رہی تھی، وہ لوگ جو پچھلے 12 ماہ کے دوران ڈپریشن کا شکار ہوئے تھے انہیں بھی ڈپریشن گروپ میں شامل کیا گیا تھا۔

تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ جتنا زیادہ وقت ورزش کی جائے یہ صحت کیلئے اتنی ہی بہتر ہے، جو افراد ہفتے میں 5 دن روزانہ کی بنیاد پر 20 منٹ ورزش کرتے ہیں ان میں ڈپریشن کی علامات 16 فیصد کم تھیں اور وہ افراد جو ورزش نہیں کرتے ان کی نسبت ڈپریشن کا خطرہ بھی 43 فیصد کم تھا۔

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جو افراد روزانہ 2 گھنٹے ورزش کرتے ہیں ان کی ڈپریشن کی علامات میں 23 فیصد کمی ہوئی، جتنا زیادہ ہم جسمانی سرگرمی میں وقت گزاریں گے ذہنی صحت اتنی ہی زیادہ اچھی ہوگی اور اس سے فائدہ ہوگا۔