ہیضہ کے مریضوں میں غیر معمولی اضافہ، ایک ہفتے میں 89 ہزار 58 کیس رپورٹ

Published On 01 August,2023 06:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ہیضہ کے کیسز میں اضافہ، ملک بھر میں 89 ہزار 58 افراد میں ایک ہفتے کے دوران ہیضہ کی تشخیص ہوئی۔

قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ہیضے کے سب سے زیادہ کیسز سندھ سے 48 ہزار 647 رپورٹ کئے گئے جبکہ دیگر مختلف بیماریوں کے مریضوں میں بھی سندھ کا پہلا نمبر ہے۔

رپورٹ کے مطابق مچھروں کے کاٹے کے مریضوں کا دوسرا نمبر ہے، ملک میں ملیریا سے 81 ہزار 775 مریض سامنے آئے، ملیریا کے سب سے زیادہ بھی سندھ سے 67 ہزار 301 سامنے آئے، ایک ہفتے کے دوران انفلوانزا کے 25 ہزار 482 مریض رپورٹ ہوئے۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری عداد وشمار کے مطابق بچوں میں سانس کے مسائل کے 12 ہزار 288 کیسز سامنے آئے، 7 ہزار 703 مریض سندھ سے ہی سامنے آئے، کتے کے کاٹے کے 858 کیسز رپورٹ ہوئے، سب سے کتے کے کاٹے کے کیسز سندھ سے 513 سامنے آئے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں روبیلا کے بھی 15 مریض سامنے آئے، ایک ہفتے کے دوران 14 ایچ آئی وی ایڈز کے کیس رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ 9 ایچ آئی وی ایڈز مریضوں کا تعلق سندھ سے جبکہ 4 کا بلوچستان سے تھا۔