شہر قائد میں دوبارہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ

Published On 15 November,2023 05:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت نے شہر قائد میں دوبارہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، انسداد پولیو مہم کا دوبارہ آغاز کراچی کے مختلف علاقوں سے پولیو وائرس کے 17 مثبت ماحولیاتی نمونے سامنے آنے پر کیا گیا۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلع شرقی میں دو بچے پولیو وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جو تشویشناک بات ہے، نئی شروع ہونے والی پولیو مہم جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی حکمت عملی ہے، ماحولیاتی نمونے ملک بھر سے حاصل کیے گئے ہیں جن کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

اس سال پاکستان میں ظاہر ہونے والے پولیو وائرس کے 5 کیسز میں سے 3 کے پی اور 2 ضلع شرقی کراچی سے رپورٹ ہوئے ہیں، میڈیا، کمیونٹی رہنماؤں، سکولز اور والدین پولیو سے متعلق آگہی پھیلانے میں محکمہ صحت کا ساتھ دیں۔

ترجمان محکمہ صحت نے کہا کہ طبی ماہرین و جید علماء کرام بھی پولیو ویکسین کو حلال اور انتہائی ضروری قرار دے چکے ہیں۔

جو بچے پولیو مہم کے دوران کسی بھی وجہ سے ویکسین سے محروم رہ گئے تھے، ہیلپ لائن کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں، ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی صحت حفاظت ہیلپ لائن 1166، واٹس ایپ نمبر 03467776546 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔