اسلام آباد :(دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سے آگاہی کا عالمی دن منایا گیا۔
ترجمان وزارت صحت نے کہاکہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے جبکہ کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کا بوجھ بہت زیادہ ہے ، پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے کیسز تقریبا 98 لاکھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام کا آغاز بھی کیا جارہا ہے، وفاق اور چاروں صوبوں کے اشتراک سے 68 ارب کا پروگرام شروع کر رہےہیں، جس کا مقصد پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کی روک تھام کرنا ہے۔
ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ 98 لاکھ کیسز کو تلاش کرنے کیلئے ملک بھر میں بارہ سال سے زائد عمر کی آبادی کی سکریننگ کی جائے گی، ملک گیر سکریننگ اور علاج کی سہولیات تک کی رسائی لوگوں کو مفت فراہم کی جائے گی۔
کوارڈینیٹر برائے صحت نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے، خون سے پھیلنے والا انفیکشن ہیپاٹائٹس سی متاثرہ خون کی منتقلی سے پھیلتا ہے، ہیپاٹائٹس سی سے بچاؤ کا بہترین طریقہ وائرس کی منتقلی والے عوامل بارے احتیاط کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی بھی ایسی اشیاء استعمال نہ کریں جن پر دوسرے لوگوں کا خون لگ سکتا ہو ،ہمیشہ غیر استعمال شدہ استرا ، بلیڈ اور دیگر اشیاء ڈسپوزیبل یعنی ایک ہی مرتبہ استعمال ہونے والی اشیاء استعمال کریں، انجکشن لائسنس یافتہ پریکٹیشنر کے زیر انتظام اور غیر استعمال شدہ یعنی ڈسپوزیبل سوئیاں،سرنجیں استعمال کریں۔
ڈاکٹر مختار احمد نے مزید کہا کہ ایک ہی شخص پر استعمال ہونے والے جراثیم سے پاک ٹولز کے ذریعے کان، ناک چھید وائیں خون کے ہیپا ٹائٹس وائرس سے پاک ہونے کو یقینی بنانے کے لئے ہمیشہ سکرین شدہ خون لگوائیں، غیر محفوظ جنسی عمل یا تعلقات سے پرہیز کریں۔