سہیل امان نے نئے ایئر چیف مجاہد انور خان کو بیجز لگائے اور ہاتھ ملایا۔ ایئر چیف سہیل امان نے ایئر چیف مجاہد انور خان کو کمان کی علامتی شمشیر بھی سونپی۔ اس سے قبل ائیر چیف سہیل امان کے ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد پہنچنے پر ایئر چیف مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔ ایئرچیف سہیل امان کو سلامی دی گئی جبکہ سہیل امان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں چینج آف کمانڈ کی تقریب میں اعلی سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔
ائیر مارشل مجاہد انور خان سنیارٹی میں دوسرے نمبر پر تھے۔ 23 دسمبر 1962 کو جنم لینے والے ائیرمارشل مجاہد انور خان نے دسمبر 1983 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا ۔ پی اے ایف اکیڈمی سے شمشیر اعزاز، بیسٹ پائلٹ ٹرافی اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے ۔ وہ کمبیٹ کمانڈرسکول ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اردن ، ائیروار کالج فیصل اورنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں ۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران ، ایک فائٹرسکواڈرن ، ایک ٹیکٹیکل اٹیک ونگ ، ایف 16 کی دوائیر بیسسز کی کمانڈ کر چکے ہیں۔
ائیر مارشل مجاہد انور خان اس وقت ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (سپورٹ ) اور ڈائریکٹر جنرل ائیر فورس سٹریٹیجک کمانڈ کے عہدوں پر فائز ہیں ۔ وہ اس سے پہلے چیف آف دی ائیرسٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف دی ائیرسٹاف (آپریشنز) اور ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکےہیں ۔ ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری) ، ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا۔
پاک فضائیہ میں چینج آف کمان کی تقریب سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک فضائیہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق لیس کیا جا رہا ہے۔