لاہور میں جگہ جگہ احتجاج عوام کے لئے عذاب بن گیا

Last Updated On 02 April,2018 11:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں جگہ جگہ مظاہرے، بابو صابو انٹرچینج، داتا دربار، بتی چوک اور یتیم خانہ چوک پر احتجاج، جی ٹی روڈ اور موٹر وے سے لاہور کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے۔

 

بابو صابو انٹرچینج، جی ٹی روڈ اور موٹروے مزدا ایسوسی ایشن نے بند کر دی، داتا دربار پر تحریک لبیک یارسول اللہ براجمان تو ڈی جی ہیلتھ کے ملازمین نے کنوینس الاؤنس کی ریکوری کے خلاف میدان لگایا۔ نوبیاہتا جوڑے نئی زندگی کے آغاز پر ہی رکاوٹ کا سامنا، مظاہرین سڑک پر احتجاج کرنے میں سرگرم رہے تو ٹریفک میں پھنسے عوام مظاہرین پر گرم ہوتے رہے۔

ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف منی مزدا لوڈرز نے رکاوٹیں کھڑی کر کے موٹروے بند کر دی۔ یتیم خانہ چوک اور بتی چوک میں مورچہ لگایا، داتا دربار پر تحریک لبیک یا رسول اللہ کا احتجاج دھرنے میں تبدیل، بدھ تک مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ملک گیر احتجاج کی کال دیدی، ڈی جی ہیلتھ کے ملازمین نے بھی کنوینس الاؤنس کی ریکوری کے خلاف مظاہرہ کیا۔

ادھر موٹروے پر نوبیاہتا دلہا دلہن کی زندگی کے نئے سفر کو بریک لگ گئی، دھرنوں کے باعث سفر کرنا محال ہوا تو شہری بلبلا اٹھے۔ یہ دھرنے اور مظاہرے تو جاری تھے ہی اب ایپکا نے بھی الاؤنسز کی منظوری اور انشورنس کے لئے سول سیکرٹریٹ اور گورنر ہاؤس کے سامنے محاذ آرائی کا اعلان کر دیا ہے۔