لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور مختلف پروگرامز کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو بری طرح نظرانداز کیا، آج جنوبی پنجاب ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل فراہم کئے گئے ہیں، میگاپراجیکٹس کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل صرف کئے گئے ہیں، ملک کی 70 سالہ تاریخ میں جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایسے اقدامات نہیں کئے گئے جو ہماری حکومت نے کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج جنوبی پنجاب بھی پنجاب کے بڑے شہروں کی طرح ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے۔