اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے حکومت کو پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کیلئے 15 روز کی مہلت دیدی، وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث سمری منظور نہ ہونے سے متعلق آگاہی پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ التواء جس سطح پر ہے وہیں ختم ہو جانا چاہیے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں کے سربراہان کی تقرری کیلئے سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے، گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مصروف تھے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس سطح پر بھی التواء ہے وہیں ختم ہو جانا چاہیے، صحت سے بڑی کیا ایمرجنسی ہو سکتی ہے۔جب تک کام مکمل نہیں ہوتے، موجودہ سربراہ کونہیں ہٹایا جائے گا۔ عدالت نے حکم دیا کہ پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی 15 روز کے اندر ہو جانی چاہیے، مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔