اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں سرکاری بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں پر پابندی عائد کر دی، عام انتخابات میں تعیناتی کے لیے تمام ہائیکورٹس کی جانب سے بھیجی گئی جوڈیشل افسران کی فہرستیں بھی کمیشن کو موصول ہو گئیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نئے ترقیاتی منصوبوں پر پابندی یکم اپریل سے عائد کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ یکم اپریل کے بعد اعلان کیے گئے تمام ترقیاتی منصوبے روک دئیے جائیں، جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز بھی کسی اور مد میں منتقل نہیں ہو سکیں گے۔ تقرریوں پر بابندی کے باوجود پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیوں کا عمل جاری رہے گا۔
دوسری جانب ہائیکورٹس کی طرف سے فراہم کی گئی فہرستوں کے مطابق جوڈیشل افسران کو عام انتخابات 2018 میں ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر، ریٹرنگ اور اسسٹنٹ ریٹرنگ افسر تعینات کیا جائے گا۔ فہرستوں کی بروقت فراہمی پر الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس ہائیکورٹس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔