لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کوٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق ہائیکورٹ میں زیر التوا تمام مقدمات دو ہفتے میں نمٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جسٹس علی باقر نجفی رپورٹ عدالتی رکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاؤن از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ پراسکیوٹر جنرل پنجاب نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دونوں مقدمات اور استغاثہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ عدالت حکم دیا کہ ایڈووکیٹ جنرل آج شام چار بجے تک رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔
سپریم کورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز اعوان کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے جج اعجاز اعوان کی چھٹی بھی منسوخ کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ماورائے قانون کوئی اقدام نہیں کرینگے ، میرے ججز کی عزت نہ کرنیوالا کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا میاں نواز شریف سمیت سیاسی شخصیات کی طلبی سے متعلق کوئی حکم دہشتگردی عدالت میں موجود ہے۔