چیف جسٹس کا وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

Last Updated On 21 April,2018 03:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عدالت نے پنجاب یونیورسٹی کی 80 کنال اراضی حکومت کو دینے پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر کو معطل کر دیا۔ عدالت نے سینیئر ترین پروفیسر کو عبوری طور وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کس حیثیت میں یونیورسٹی کی 80 کنال اراضی حکومت کو دی گئی۔ عدالت نے زمین فراہم کرنیوالے سنڈیکیٹ ممبران کو بھی طلب کرلیا۔ ثابت ہوگیا کہ حکومت کے جائز و ناجائز مطالبات منوانے کے لیے مستقل وائس چانسلر تعینات نہیں کرتی۔ اڑھائی برسوں سے مستقل وائس چانسلر تعینات کیوں نہیں کیا گیا، آگاہ کیا جائے کہ تاخیر کا ذمہ دار کون ہے۔ سنڈیکیٹ نے کس حیثیت سے یونیورسٹی کی اراضی حکومت کو دی، عدالت کے علم میں ہے۔

وائس چانسلر کے وکیل نے استدعا کی عدالت وائس چانسلر معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ وائس چانسلر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیتا ہوں اور ابھی استعفی عدالت میں پیش کرتا ہوں۔