لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے خیبر پختونخوا گورنمنٹ کی سرزنش پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ان کے سامنے دو اہم سوالات رکھ دیے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ میرے خیال میں چیف جسٹس کے لئے دو سوال اہم ہیں کہ کیا خیبر پختونخوا میں آج کے حالات پانچ برس پہلے کی نسبت بہتر ہیں؟ اور کیا پختونخوا کے عوام پانچ برس پہلی کی نسبت آج زیادہ مطمئن ہیں؟
یاد رہے کہ جمعرات کے روز جسٹس ثاقب نثار نے کے پی حکومت کی جانب سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مسائل اور ہسپتالوں کی حالتِ زار پر سرزش کی تھی۔
سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ جب وزیرِ اعلیٰ پیش ہوئے تو انہیں جسٹس ثاقب نثار نے بتایا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے حالات میں کوئی بھی بہتری نظر نہیں آئی۔
میرے خیال میں چیف جسٹس صاحب کیلئے دو سوال اہم ہیں
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 20, 2018
کہ
1. کیا پختونخوا میں آج کے حالات پانچ برس پہلے کی نسبت بہتر ہیں؟
2. کیا پختونخوا کے عوام پانچ برس پہلے کی نسبت آج زیادہ مطمئن ہیں؟
اس پر وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جب انہوں نے چارج سنبھالا تو سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت بہت بری تھی جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اب کافی بہتری آ چکی ہے۔
چیف جسٹس نے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ہر طرف سے نا امیدی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔