شہباز شریف کل کراچی پہنچیں گے، متحدہ اور اے این پی رہنماوں سے ملاقاتیں طے

Last Updated On 21 April,2018 06:25 pm

صدر مسلم لیگ ن کا دورہ کراچی سیاسی لحاظ سے اہمیت کا حامل، انتخابات میں ممکنہ اتحاد پر توجہ مرکوز رہے گی

کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کےصدر اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کل کراچی پہنچیں گے جہاں وہ ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنماوں سے ملاقات کے علاوہ ن لیگی کارکنان کے اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

ن لیگی رہنما کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی مردان ہائوس میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید سے ملاقات طے ہے علاوہ ازیں شہبازشریف ایم کیوایم پاکستان بہادر آباد گروپ کے مرکز واقع بہادر آباد کا دورہ کریں گے اور متحدہ رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ صدر مسلم لیگ ن دونوں جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور انتخابات میں ممکنہ اتحاد سمیت پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے مختلف امور پر بات چیت کریں گے۔

شہباز شریف کراچی کے علاقوں ٹینری روڈ بہار کالونی لیاری کے ایم سی گراونڈ، گلشن غازی بلدیہ اور الفتح گراونڈ عابد آباد بلدیہ ٹائون کے دورے میں ن لیگ کے تحت عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب گرین بس پروجیکٹ بورڈ آفس انٹر ایکسچینج کا دورہ بھی کریں گے۔ وہاں ن لیگ کے کارکنان سے ملاقات اور خطاب بھی کریں گے ۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف گورنر ہائوس کے عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ ن لیگ کے مرکزی صدر شہباز شریف کا دورہ کراچی سیاسی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے۔ شہباز شریف جلد اندرون سندھ کا دورہ بھی کریں گے اور اہم سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ شہباز شریف کے دوروں کا مقصد ن لیگ کی آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہے۔