ملتان: زرعی آلات کی مانگ اور قیمتوں میں اضافہ

Last Updated On 21 April,2018 10:19 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں گندم کی گہائی کا سیزن شروع ہوتے ہی تھریشرز کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، جس پر کاشتکاروں نے تھریشرز اور پرانے زرعی آلات کو مرمت کروانا شروع کر دیا ہے۔

ملتان ڈویژن میں گندم کی کٹائی اور گہائی کا عمل شروع ہوتے ہی تھریشروں کی مانگ بڑھ گئی ہے، جس پر دوکانداروں نے بھی نئی تھریشرز کی قیمتوں میں 20 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے کاشتکاروں نے پرانے زرعی آلات کو مرمت کروانا شروع کر دیا ہے۔

تھریشر مشینوں کا استعمال بڑھنے پر اس کاروبار سے وابستہ افراد نے بھی گندم کی گہائی 4 ہزار روپے فی ایکڑ سے بڑھا کر 45 سو روپے فی ایکڑ کردی۔
گندم کی گہائی کا عمل تیز ہوتے ہی محکمہ خوراک نے ڈویژن بھر میں 48 خریداری مراکز قائم کیے ہیں۔ تاہم کاشتکاروں نے پیداواری لاگت بڑھنے پر گندم کی امدادی قیمت 15 سو روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔