اسلام آباد (دنیا نیوز ) سپریم کورٹ کے حکم پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے مختلف سیاسی شخصیات ، بیورو کریٹس ، ججز، سابق پولیس افسران اور غیر ملکی شخصیات سے سکیورٹی واپس لے لی۔ اسلام آباد پولیس کے 246 اہلکاروں کو پولیس ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے 246 اہلکاروں کو ہیڈ کوارٹرز طلب کر لیا گیا ہے، آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی ہدایت پر غیر ملکی شخصیات، میڈیا نمائندگان اور سویلینز شخصیات کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو بھی واپس بلالیا گیا۔
مختلف سیاسی شخصیات کی سکیورٹی پر 50 پولیس اہلکار، ججز کی سکیورٹی پر 86 جبکہ بیورو کریٹس، میڈیا نمائندگان اور سویلین کی حفاظت پر 53 اہلکار مامور تھے۔ سابق آئی جیز اور پولیس افسران کی سکیورٹی پر مامور 33، انتظامی افسران کی سکیورٹی پر تعینات 21 اور غیر ملکی شخصیات کی سکیورٹی پر مامور 3اہلکار بھی ہٹالئے گئے ہیں۔