مانچسٹر: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ ان کی جماعت کا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی قسم کا اتحاد نہیں ہو گا۔
مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ ارکان کی خرید وفروخت کا سب کو علم ہے ہم نے ضمیر فروشوں کیخلاف اقدام اٹھایا لیکن کسی دوسری جماعت نے ایکشن نہیں لیا۔ سینیٹ انتخابات کا قانون بدلنے کیلئے کہا لیکن کسی نے ہماری بات نہیں سنی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا دوسری جماعتوں میں ایسا اقدام اٹھانے کی جرات ہے؟ دوسری جماعتیں بھی ضمیر فروشوں کیخلاف کارروائی کریں لیکن انہوں نے یہ اقدام نہ اٹھایا تو ان کے ضمیر فروشوں کے نام بتا دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کسی قسم کا اتحاد نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 29 اپریل کو لاہور میں منعقد ہونے والا جلسہ تاریخی ہو گا۔