اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کو آڈٹ حکام نے بتایا ہے کہ سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی پر بیس کروڑ روپے خرچہ آیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں ہو سکتا ہے ٹاپ کے لوگوں کو یہ رقم ادا کرنی پڑے۔
آڈٹ حکام نے عدالت کو بتایا کہ سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی پر 20 کروڑ روپے خرچہ آیا۔ انہوں نے پی ٹی وی کے 15 لاکھ روپے سے اسلام آباد کلب کی ممبرشپ لی۔ 23 لاکھ کے تفریحی اخراجات کئے۔ ان کا گیسٹ ہاؤس کا بل 20 لاکھ روپے ہے۔ عطاء الحق قاسمی کی اہلیت ایک گاڑی کی تھی مگر پروٹوکول کے ساتھ کئی گاڑیاں استعمال کرتے رہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا آج پرویز رشید کدھر ہیں؟ انہیں بھی آڈٹ رپورٹ کی کاپی دی جائے، ہو سکتا ہے تقرری کے ذمہ داران کو یہ رقم ادا کرنا پڑے۔ عطاء الحق قاسمی کی تقرری قانونی تھی یا غیر قانونی؟ یہ تعین عدالت کرے گی۔ وکیلِ صفائی عائشہ حامد کو رپورٹ پر اعتراضات کیلئے دو ہفتے کی مہلت دیدی گئی۔