’جن لوگوں نے آئین اور قانون توڑا ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں‘

Last Updated On 27 April,2018 06:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو اس لئے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ اس نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ لوگوں کی عمریں گزر جاتی ہیں اور انصاف کے حصول کیلئے سر میں چاندی آ جاتی ہے لیکن ان کو انصاف نہیں ملتا جبکہ (ن) لیگ کو اس لئے نشانہ بنایا جا رہا کیونکہ اس نے ملک میں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

جاتی امراء میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ان کی خلاف کرپشن کا ایک کیس بھی نہیں بنایا جا سکا کیونکہ اگر کرپشن ہو گی تو ہی کچھ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر منصوبہ چاہے وہ صوبائی سطح پر ہو یا وفاقی سطح پر، شفافیت کے ساتھ مکمل کیا اور جو رہ گئے ہیں ان کو بھی پورا کریں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کا آئین اور قانون توڑا ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں جبکہ جو لوگ آئین اور قانون کے مطابق چلے ان کے خلاف تمام ایکشن لیا گیا۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، کارکن عوامی رابطہ مہم مزید تیز کر دیں۔