چیف جسٹس پاکستان نے سانحہ 12 مئی کیس کی فائل طلب کر لی

Last Updated On 12 May,2018 10:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 12 مئی کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اس روز کراچی میں المناک حادثہ ہوا، انھوں نے سانحہ 12 مئی کیس کی فائل بھی طلب کر لی۔

چیف جسٹس نے فیصل صدیقی سے استفسار کیا کہ سانحہ 12 مئی کی تحقیقات نہیں ہوئیں، جس پر فیصل صدیقی نے کہا کہ معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ بعدازاں چیف جسٹس نے سانحہ 12 مئی کیس کی فائل طلب کر لی۔

واضح رہے کہ 12 مئی 2007ء کو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کراچی دورے پر پہنچے تھے، لیکن اس روز شہر میں ہنگامہ آرائی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں سیاسی جماعتوں کے 50 کارکن ہلاک ہو گئے تھے اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

وکلاء تنظیموں اور پیپلز پارٹی نے 12 مئی واقعہ کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا لیکن وکلاء تنظیمیں پیچھے ہٹ گئیں اور پیپلز پارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد خاموشی اختیار کر لی تھی۔