کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا، آج پہلا روزہ ہے، مساجد کی رونقیں دوبالا ہو گئیں، نماز تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ ملک بھر میں روح پرور مناظر نے ماہ مقدس کی آمد کا پتہ دے دیا۔
اس سے پہلے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے رمضان المبارک کے چاند کا اعلان کیا۔ انہوں نے کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کئی شہروں سے ملنے والی شہادتوں کے بعد ماہ صیام کی خوشخبری سنائی۔ رواں برس کے رمضان کا چاند پاکستانیوں کیلئے اتفاق اور یکجہتی کی خوشخبری لے کر آیا ہے کیونکہ 6 سال بعد ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ ہے۔ اس سے پہلے 21 جولائی 2012ء کو تمام صوبوں میں ایک ہی دن روزہ ہوا تھا۔ رواں برس پاکستان، سعودی عرب، خلیجی اور یورپی ممالک میں ایک ساتھ ماہ صیام کا آغاز ہو رہا ہے جو ایک تاریخی واقعہ ہے۔