معصوم فلسطینیوں کا قتلِ عام، پاکستان کی شدید مذمت

Last Updated On 17 May,2018 11:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں معصوم فلسطینیوں کے قتلِ عام کی سخت مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے پر شدید تحفظات ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینی عوام کا خون کسی طور قبول نہیں اور نہ ہی امریکی سفارخانہ یروشلم منتقل کرنا درست اقدام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں قتلِ عام کی سخت مذمت کرتا ہے۔ پاکستان ترکی کی جانب سے اس سنگین مسئلے پر استنبول اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے۔ امید ہے کہ او آئی سی کے ذریعے تمام مسلمان ممالک کی طرف سے اسرائیل کی فلسطین سے متعلق پالیسیاں مسترد کرنے کا پیغام دیا جائے گا۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایران اور پی فائیو معاہدے کی حمایت کی۔ برادر اسلامی ملک پر یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔