کراچی: (دنیا نیوز) کراچی چیمبر نے ماہ رمضان کی آمد سے قبل اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کردیا، چیمبر کے صدر مفسر ملک کا کہنا ہے کہ حکومت پرائس کنٹرول کا نظام بہتر کرنے کے لیے فوری اقدام کرے، تاکہ عوام کو اس مقدس ماہ میں ریلیف مل سکے۔
ماہ رمضان کی آمد سے قبل اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر کراچی چیمبر آف کامرس نے تشویش کا اظہار کردیا۔ کراچی چیمبر کے صدر مفسر ملک کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ماہ رمضان کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کردی جاتی ہے، مگر ہمارے ہاں منافع خوری کا بازار گرم کردیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے شہریوں کے لیے سحری اور افطاری میں کھانے پینے کی اشیاء خریدنا مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پھل اور سبزیوں کی قلت کا بہانا بنا کر قیمتیں آسمانوں پر پہنچا دی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ کراچی چیمبر نے حکومت سے مطالبہ کیا کے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، پرائس کنٹرول نظام کو موثر بنایا جائے، تاکہ عوام کو اس مقدس ماہ میں ریلیف مل سکے۔