سردار ذوالفقار کھوسہ کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

Last Updated On 01 June,2018 10:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ نے عمران خان سے ملاقات میں باضابطہ طور پر تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے دورہ لاہور کے دوران خصوصی طور پر سردار ذوالفقار کھوسہ سے ملنے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔ اس موقع پر ذوالفقار کھوسہ نے باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سینئر لیڈرشپ کے ساتھ میرے گھر تشریف لائے، انہوں نے مجھ پر خصوصی مہربانی کی، میں ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کھوسہ فیملی کی تحریک انصاف میں شمولیت پر خوشی ہوئی، ذوالفقار کھوسہ کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

خیال رہے کہ سردار ذوالفقار کھوسہ مسلم لیگ ن کے ساتھ وابستہ تھے لیکن پارٹی قیادت سے اختلافات کے باعث انہوں نے ن لیگ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ سابق سینیٹر اور گورنر پنجاب رہنے والے ذوالفقار کھوسہ کے بیٹے دوست محمد کھوسہ وزیرِاعلی پنجاب رہ چکے ہیں۔