ہمارا ایم کیو ایم لندن سے کوئی تعلق نہیں، فاروق ستار

Last Updated On 03 June,2018 07:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ فاروق ستار کہتے ہیں کہ الیکشن سے پہلے ہی حلقہ بندیوں کے ذریعے دھاندلی کی گئی۔ ایم کیو ایم لندن سے کوئی تعلق نہیں، جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی جائے۔

بلدیہ ٹاؤن کراچی میں مستحقین میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی تقسیم سے لگ رہا ہے کہ ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی سیٹیں خرید رہی ہے لیکن ہمارے ساتھ مردم شماری میں بھی ہاتھ کر دیا گیا۔

سربراہ ایم کیو ایم پی آئی بی نے تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے رشید گوڈیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا ایم کیو ایم لندن سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی جائے۔ فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی سکروٹنی کے لیے دیے گئے وقت پر بھی اعتراض کیا۔