لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چودھری پرویزالہی نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ چھوڑتے وقت 100 ارب خزانے میں چھوڑے، شہبازشریف نے ڈیڑھ ہزار ارب کا مقروض کر دیا۔ ن لیگ نے ملکی معیشت کو برباد اور پنجاب کو دیوالیہ کر دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے آئندہ انتخابات میں ن لیگ کی شکست دیکھ کر اپنے ذاتی مفاد کی خاطر قومی حکومت کے ہمارے مطالبے کی تائید کر دی۔ 3 سال پہلے میں نے کہا تھا کہ اس ملک کے مسائل کا واحد حل قومی حکومت ہے۔ پاکستان کی معیشت کے ساتھ ن لیگ کی حکومت نے اپنے آخری 3 ہفتوں میں جو کھلواڑ کیا ہے اس کی چھان بین ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان 3 ہفتوں میں پاکستانی روپے کی 70 سالہ تاریخ میں ریکارڈ ناقدری کے پیچھے چھپے ہاتھوں کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔ شہباز شریف نے ٹی وی انٹرویو میں ہر بات کو غلط طریقے سے پیش کرنے کی کوشش کی۔