منی لانڈرنگ کیس: حسین لوائی 19 جولائی تک عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

Last Updated On 14 July,2018 03:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) معروف بینکر حسین لوائی کا ریمانڈ ختم ہونے کے بعد سٹی کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے مزید ریمانڈ سےمتعلق ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس اور سمٹ بینک میں جعلی اکاونٹس کے الزام میں گرفتار سابق صدر زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو ریمانڈ مکمل ہونے پر سٹی کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔

ایف آئی نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ پیشی کے باعث تفتیش کاموقع کم ملا، ان کےبینک میں اومنی گروپ نے فنانسنگ کی ہے اسلئے ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے ملزم حسین لوائی اور طحہ رضا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔حکم دیا کہ ملزمان کو 19 جولائی کو پیش کیا جائے۔

سمٹ بینک کے سربراہ حسین لوائی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میری گرفتاری کے بعد بینکنگ سیکٹر پر اثر پڑیگا۔ ادھر دونوں ملزمان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساوتھ کی عدالت میں درخواست ضمانت بھی دائر کردی۔ جس پر عدالت نے 23 جولائی کیلئے ایف آئی کو نوٹس جاری کردیا۔