ایف آئی اے کا انور مجید کی شوگر مل پر چھاپہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا

Last Updated On 26 August,2018 06:57 pm

بدین: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے میگا سکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت کرتے ہوئے بدین میں انور مجید کی شوگر مل پر چھاپہ مارا اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

ایف آئی اے حکام کے ہمراہ رینجرزکی بھاری نفری بھی موجود تھی جس نے شوگرمل کو کارروائی کے دوران گھیرے رکھا۔ حکام نے شوگرمل کے تمام دروازے بند کر دیئے، کسی کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہ دی اور شوگر مل کی تلاشی لیتے ہوئے کھوسکی شوگر مل کا تمام ضروری ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ان دنوں ایف آئی اے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے میگا سکینڈل کی تحقیقات میں مصروف ہے جس کیلئے انور مجید کو حراست میں لے رکھا ہے۔